حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ قم کے رکن آیت اللہ محسن فقیہی نے اپنے فقہ کے درسِ خارج میں مقبوضہ فلسطین کے حالیہ واقعات اور فلسطینی عوام کی شاندار فتح کا ذکر کرتے ہوئے کہا: عصر حاضر میں وحشیانہ اور غاصبانہ سرگرمیوں کی واضح مثال صیہونی حکومت کا مسلمانوں اور فلسطینی عوام پر ظلم ہے۔
انہوں نے فلسطینی نوجوانوں کے حملے "طوفان الاقصیٰ" کو شجاعانہ حملہ سے تعبیر قرار دیتے ہوئے کہا: ظلم کے خلاف جنگ ایک اہم معاملہ ہے جسے جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔
جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ قم کے رکن نے کہا: اسرائیل نے انسانیت اور فلسطینی عوام کے خلاف بہت زیادہ مظالم ڈھائے ہیں اور اس غاصب حکومت کے خلاف اقوام متحدہ کی قراردادوں کے موجود ہونے کے باوجود اس کی غاصبانہ اور جابرانہ سرگرمیاں بند نہیں ہوئیں۔
آیت اللہ فقیہی نے دنیا اور آخرت میں ظلم کے نتائج کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: دنیاوی ظالموں اور جابروں کو معلوم ہونا چاہیے کہ اگر کوئی ظلم کرے گا تو اس کا انجام خوشگوار نہیں ہو گا۔ یہ الہی فیصلہ ہے کہ ظلم پائیدار نہیں رہے گا اور ظالم دنیا اور آخرت میں بدترین عذاب میں گرفتار ہوں گے۔
انہوں نے فلسطینی مجاہدین کی فتح پر انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا: امید ہے کہ یہ فتوحات اسرائیل کی مکمل تباہی تک جاری رہیں گی اور ہم ان شاءاللہ بہت جلد مسجد اقصیٰ میں رہبر معظم کی امامت میں باجماعت نماز کا مشاہدہ کریں گے۔